سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ اداکارہ اور لوک سبھا انتخابات میں کامیاب رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت پر منافقت کا الزام لگاتے ہوئے انہیں ہالی ووڈ اداکار وِل سمتھ کا تھپڑ یاد دلایا جو انہوں نے کامیڈین کرس راک کو مارا تھا۔
حال ہی میں چندی گڑھ ائیرپورٹ پر ایک لیڈی کانسٹیبل نے کنگنا رناوت کو تھپڑ مارا جس پر اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خاتون اہلکار نے میرے کراس کرنے کا انتظار کیا اور جب میں آگے آئی تو آگے بڑھ کر مجھے طمانچہ ماردیا۔
ماضی میں ہالی ووڈ اداکار وِل سمتھ نے کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارا تھا جس کی ہر طرف سے مذمت کی گئی تاہم کنگنا رناوت نے کھل کر وِل سمتھ کا ساتھ دیا اور کہا کہ اگر کوئی میرے اہلِ خانہ کا مذاق اڑائے تو میں بھی اسی طرح ردِ عمل دوں گی۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ اگر کوئی بے وقوف میری ماں یا بہن کی بیماری کا مذاق اڑائے تاکہ کچھ بے وقوف ہنس سکیں تو میں وِل سمتھ کی طرح اس کامیڈین کو تھپڑ مار دوں گی ۔ وِل سمتھ کے تھپڑ مارنے کے 2 سال بعد کنگنا رناوت کو تھپڑ پڑ گیا۔
خاتون کانسٹیبل نے کہا کہ میں نے کنگنا کو تھپڑ اس لیے مارا کیونکہ میں کنگنا رناوت کے اس بیان سے ناراض تھی جس میں کنگنا نے کہا کہ خواتین کسان احتجاج میں سو سو روپے لے کر مظاہرہ کررہی تھیں۔ لیڈی کانسٹیبل نے کہا کہ احتجاج میں میری ماں بھی شریک ہوئی تھی۔
کنگنا رناوت کی جانب سے وِل سمتھ کا ساتھ دینے اور پھر چندی گڑھ ائیرپورٹ واقعے پر مظلوم بننے کی کوشش پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر وِل سمتھ کا اپنی بیوی کا مذاق اڑانے پر تھپڑ مارنا جائز ہے تو خاتون پولیس اہلکار کا تھپڑ بھی درست ہے۔
بھارتی میڈیا (انڈین ایکسپریس) کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارفین نے کنگنا رناوت کے عمل کو منافقت قرار دیتے ہوئے انہیں وِل سمتھ کا تھپڑ اور اس پر اپنی جانب سے کی جانے والی حمایت یاد دلاتے ہوئے کہا کہ جب کنگنا رناوت غلطی پر ہوں تو خود کو مظلوم بتاتی ہیں۔