پاکستان میں ذی الحج 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد عید الاضحیٰ 17 جون پیر کے روز ہوگی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا مرکزی اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیرصدارت کراچی میں منعقد ہوا۔
کراچی میں جمعے کے دن مطلع ابر آلود تھا، جس کے باعث چاند دیکھنے کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک کے دیگر شہروں سے ذو الحج کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس پر چاند کی رویت کا اعلان کر دیا گیا۔
کراچی میں مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں بھی منعقد ہوا۔
تاہم چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ ملک میں یکم ذی الحج 8 جون اور 10 ذی الحج یعنی عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔