ڈیلس: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ٹی 20 میچز میں ہمارا ہدف صرف ورلڈ کپ جیتنا ہے، انفرادی اہداف بعد میں آتے ہیں، میری توجہ اس پر ہے کہ ٹیم کو مجھ سے کیا چاہئے، اپنے ریکارڈز نہیں دیکھ رہا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ہم کرکٹ کی اچھی تیاری کرکے امریکا پہنچے، کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں اور کامیابی سمیٹیں۔ ماضی میں بھی ایسے ہی حالات میں کھیل چکے ہیں، انڈور میں ٹریننگ ہورہی ہے۔
گفتگو کے دوران قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ وارم اپ میچ نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، ہم کھیلتے ہوئے آرہے ہیں۔ امریکا میں پہلی بار میچز ہورہے ہیں، اس لیے یہ نہیں سوچنا کہ کیا مل رہا ہے یا نہیں۔ ہوٹل سے فاصلے یا سہولیات کا نہیں سوچتے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اب تک ہونے والے میچز میں ہائی اسکور نظر نہیں آرہا، شاداب، حارث اور عماد پہلے امریکا میں کھیل چکے ہیں، اس لیے کنڈیشنز کو سمجھتے ہیں۔ کسی کا بیٹنگ نمبر فکسڈ نہیں، جو ٹیم کیلئے بہتر ہو، پلان کرتے ہیں۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مجھے بطور کپتان شاداب پر سب سے زیادہ بھروسہ ہے، اس نے مختلف کنڈیشنز میں پرفارمنس دی جو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں میں کارآمد ہوتا ہے۔ امید ہے کہ یہاں کی کنڈیشنز اسے سوٹ کریں۔