کراچی: ترجمان سندھ حکومت نے مصطفیٰ کمال کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔ ترجمان گنہور خان اسران نے کہا کہ مصطفیٰ کمال سستی شہرت کیلئے نسل پرستی کو ہوا دے رہے ہیں۔
سابق میئر کراچی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ مصطفیٰ کمال عدم تحفظ کے خوف کو فروغ دے رہے ہیں۔ پہلے مصطفیٰ کمال نے چیئرمین نیب کے خلاف اور پھر عدلیہ کے خلاف بیان دئیے اور دونوں بیانات پر معافی مانگ لی، وہ ایک دن بات کہہ کر اگلے روز مکر جاتے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کراچی کے شہریوں کو خوفزدہ نہ کریں، ماضی کی سیاسی چالیں آج کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتیں۔ شہریوں کو مسلح کرنے کا مطالبہ بچگانہ اور فورسز کی حوصلہ شکنی کرنے کے مترادف ہے۔ سکیورٹی مسائل کا یہ حل نہیں ہے۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ ان کی بنیادی وجوہات کو ختم کیا جائے جس میں غربت، مہنگائی، تعلیم کی کمی اور بے روزگاری شامل ہیں۔ کوٹہ سسٹم کے خاتمے سے پہلے ہی پسماندہ لوگوں کے حقوق کا استحصال اور نقصان ہوگا۔