سی ایس ایس میں کامیاب ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کا ہر سو چرچا ہے، آئیے جانتے ہیں ان دونوں نے یہ انوکھا معرکہ کیسے سر کیا۔
سی ایس ایس 2024 میں کامیاب ہونے والے ڈاکٹر حذیفہ اورنگزیب اور ڈاکٹر حاجرہ کا ایک سال قبل 2022 میں نکاح ہوا، جبکہ رخصتی سے قبل ہی انہوں نے سی ایس ایس کے امتحان کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔
سی ایس ایس کا معرکہ سر کرنے کے بعد ڈاکٹر حذیفہ محکمہ پولیس اور ڈاکٹر حاجرہ محکمہ ان لینڈ ریونیو میں شامل ہوگئی ہیں اور اب ایک ماہ بعد ان دونوں کی رخصتی متوقع ہے۔
جوڑے نے بتایا کہ ان دونوں کے گول، مقصد اور منزل پہلے ہی واضح اور متعین تھے، اس لیے نکاح کے بعد انہوں نے وقت ضائع کیے بغیر مل کر سی ایس ایس کی تیاری شروع کر دی۔
ڈاکٹر حاجرہ کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کی طاقت بنے، ایک ایک چیز کی تیاری، نوٹس بنانے، انٹرویو کی تیاری سمیت سب کچھ انہوں نے مل کر ہی کیا۔
وہ ہمیشہ اور ہر وقت ایک دوسرے کا سہارا بنے، ہر مضمون میں اپنی معلومات دوسرے سے شیئر کیں، ایک ساتھ لائبریریوں کی خاک چھانی، اکٹھے نوٹس بنائے اور ہر وقت ایک دوسرے کیلئے دستیاب ہوئے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب میاں بیوی ایک دوسرے کی کمزوری کے بجائے ایک دوسرے کی طاقت بنتے ہیں تو دنیا کا مشکل سے مشکل معرکہ بھی آسانی سے سر ہوجاتا ہے۔