شہر قائد کراچی کی اتنظامیہ نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مہم شروع کرتے ہوئے پہلے ہی روز متعدد گدا گروں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ضلع جنوبی میں گدا گروں کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے جس میں مختلف علاقوں سے پیشہ ور گدا گروں کو گرفتار کر کے انھیں پولیس کے حوالہ کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی متعدد گدا گروں کے خلاف پریڈی اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی الطاف ساریو نے کمشنر کراچی کو گدا گروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ ضلع جنوبی کی مختلف سب ڈویژن میں متعلقہ اسسٹنت کمشنرز نے گدا گروں کے خلاف کارروائی کی جس میں متعدد کو گرفتار کر کے گیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔