اسلام آباد: رواں برس سعودی عرب اور پاکستان میں عیدالفطر ایک ہی روز ہونے کا امکان ہے۔ سعودی عرب میں رویتِ ہلال کیلئے اجلاس آج جبکہ پاکستان میں کل ہوگا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے رویتِ ہلال کے اجلاس سے قبل ہی چاند نظر نہ آنے کی جبکہ پاکستان میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس سے قبل چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اگر یہ دونوں پیش گوئیاں درست ہوئیں تو پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالفطر ایک ہی روز ہوگی۔
عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے پاکستان میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل منگل کے روز اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد وزارتِ مذہبی امور میں ہونے والے رویتِ ہلال کمیٹی کے مرکزی اجلاس کی صدارت کریں گے اور چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان بھی کریں گے۔
رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی ممبران کے علاوہ محکمۂ موسمیات، سپارکو اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام شرکت کریں گے۔ اس دوران ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے۔ دورانِ اجلاس چاند دیکھنے کیلئے شہادتیں موصول ہوں گی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل ملک کے مختلف شہروں میں شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ ملک کے اکثر حصوں میں مطلع صاف ہونے کے ساتھ ساتھ چاند کی عمر پوری ہوچکی ہوگی۔ دوسری جانب سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے آج اجلاس ہوگا جس میں عید کا اعلان کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آج سعودی عرب میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث سعودی عرب میں پاکستان کی طرح عید الفطر بدھ کے روز ہونے اور اس کے نتیجے میں سعودی عرب میں رمضان المبارک 30 روز کا جبکہ پاکستان میں 29 روز کا ہونے کی توقع ہے۔