کراچی کے شہری دن کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی (آج نیوز) کی رپورٹ کے مطابق محکمۂ موسمیات نے کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیشِ نظر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دن کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔بہتر ہے کہ دن کا وقت گھر پر ہی گزاریں۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت درجۂ حرارت کے مقابلے میں زیادہ محسوس ہونے کا خدشہ ہے۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں آج سے 10اپریل تک موسم شدید گرم ہوگا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بالائی و وسطی اضلاع میں آئندہ دنوں میں پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11 اپریل سے گرمی کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ روز بھی محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافے کی تصدیق کی۔
اتوار کو کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا تھا۔ کراچی میں درجۂ حرارت 34 جبکہ نواب شاہ میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
گزشتہ روز محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں، پنجاب اور بلوچستان میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ سکھر، گھوٹکی، نواب شاہ اور لاڑکانہ سمیت بالائی اور وسطی سندھ میں درجۂ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ یا زائد ہوسکتا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت زیریں سندھ میں درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر شہروں میں اتوار کے روز گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔