معروف اداکار عمران عباس نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اداکاری کے بعد فنکاروں کو عدم ادائیگی کے مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے کچھ کرداروں کو بے نقاب کردیا ہے۔
پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی اداکاری کے جوہر دکھانے والے عمران عباس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح پروڈکشن ہاؤسز اداکاروں کو کام کے بعد ان کے معاوضے سے محروم رکھتے ہیں۔
اپنے ایک بالواسطہ پیغام میں اداکار عمران عباس نے ایک پروڈکشن ہاؤس کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایسے لوگوں کا عمرہ قبول ہوگا جنہوں نے دیگر فنکاروں کی ادائیگیاں نہیں کیں اور سعودی عرب سے تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں؟
تبصرے کے سیکشن میں اداکار عمران عباس نے کہا کہ وہ عدم ادائیگی کے مرتکب پروڈکشن ہاؤس اور ادائیگی نہ کرنے میں ملوث افراد کے نام بھی عوام کے سامنے لائیں گے اور ان کو بے نقاب کریں گے۔
اسی دوران بعض مداحوں نے اندازے لگانا شروع کردئیے کہ وہ شخص کون ہوگا جس نے عمران عباس کو ادائیگی نہیں کی۔ بعض مداحوں کے مطابق وہ ایک معروف پروڈیوسر ہوسکتے ہیں جو آج کل خاندان کے ہمراہ عمرہ کر رہے ہیں۔
نہ صرف یہ کہ معروف پروڈیوسر نے مدینہ سے ایک فریش اسٹوری شیئر کی بلکہ عمران عباس کی پوسٹ کی ٹائم لائن بھی اس سے ملتی جلتی ہے۔ واضح رہے کہ عمران عباس میری ذات ذرۂ بے نشاں، خدا اور محبت، کوئی چاند رکھ، تم کون پیا سمیت متعدد ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔