کراچی میں راہ چلتی خاتون سے بدتمیزی اور ہراسگی کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، ملزم خاتون سے نازیبا سلوک کے بعد فرار ہوگیا تاہم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی (اے آر وائی) کی رپورٹ کے مطابق ملزم نے خاتون سے بدتمیزی کی اور فرار ہوگیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی گئی۔ کراچی کے علاقے پاک کالونی میں پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ کرنے کیلئے متاثرہ خاتون منظرِ عام پر نہیں آئی۔
پاک کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے تاہم خاتون نے مقدمہ درج نہیں کرایا۔ ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم مقدمہ خاتون کی مدعیت میں درج کرنے کیلئے مدعیہ کی تلاش جاری ہے۔
قبل ازیں کراچی میں راہ چلتی خواتین سے بدتمیزی اور ہراسگی کے متعدد واقعات اور ویڈیوز منظرِ عام پر آئیں۔ پاک کالونی میں ملزم نے خاتون سے دست درازی کی اور فرار ہوگیا۔ ویڈیو میں ملزم کا چہرہ صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ماضی میں کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں موٹر سائیکل سوار شخص نے خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔ تاحال پولیس نے ملزم کو گرفتار نہیں کیا، نہ ہی ملزم کی شناخت کیلئے کوئی پیشرفت سامنے آسکی ہے۔