رواں سال صدقہ فطر، زکوٰۃ اور روزہ نہ رکھ پانے (فدیہ) کی کم از کم رقم کتنی ہوگی، تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امسال صدقہ فطر کی کم سے کم رقم 300 روپے فی کس ہوگی جو 2 کلو گندم کے آٹے کی قیمت کے برابر ہے، جبکہ بیماری یا کسی دوسرے عذر شرعی کی بنا پر روزہ نہ رکھ پانے کا فدیہ فی کس 300 روپے ہو گا۔
علاوہ ازیں جو افراد گندم کے علاوہ جو، کھجور، کشمش یا پنیر کے حساب سے فطرہ یا فدیہ ادا کرنا چاہیں ان کے لیے نصاب کچھ یوں ہوگا:
جَو (4 کلو) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 600روپے ہے، کھجور(4 کلو) فطرہ اورایک روزے کا فدیہ 2400روپے ہو گا۔ کشمش ( 4 کلو) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 4400روپے ہے۔
بلا عذر روزہ توڑنے کا کفارہ 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا اور اللہ کے حضور توبہ استغفار کرنا ہے۔ فدیے کے متعلق تعلیم یہ ہے کہ روزہ کا فدیہ اس شخص کے لیے ہے جو دائمی مریض ہو یا روزہ رکھنے پر قادر نہ ہو اور بظاہر تندرست ہونے کی کوئی امید نہیں ہو۔ مسافر اور عارضی مریض رمضان کے بعد روزے کی قضا کر سکتے ہیں، وہ فدیہ نہیں دے سکتے۔
دوسری جانب زکوٰۃ کے حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ اس سال بینک اکاؤنٹس اور ڈپازٹس میں کم ازکم ایک لاکھ 35 ہزار 179 روپے پر زکوٰۃ کاٹی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ فطر یا فطرانہ، خیرات سے متعلقہ اسلامی اصطلاح ہے۔ جسے رمضان کے روزوں میں لغو اور بیہودہ کلام کی طہارت کے لیے قراردیا گيا ہے۔ صدقہ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر یکم شوال المکرم کی صبح طلوع ہوتے ہی واجب ہو جاتا ہے، اس کی ادائی کا مستحب وقت نمازعید سے قبل کا ہے۔