کراچی: نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سندھ کی صوبائی کابینہ کا الوداعی اجلاس 20فروری کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کے کابینہ اراکین 20 فروری کو وزیر اعلیٰ مقبول باقر کی زیر صدارت اجلاس کے دوران الوداعی گفتگو اور ماضی کی کارکردگی پر اپنی آراء سامنے لائیں گے۔
صوبائی حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے تحت نگران وزیر اعلیٰ مقبول باقر کی زیر صدارت اجلاس کے دوران غور و خوض اور فیصلوں کیلئے کسی بھی قسم کا ایجنڈا یا نکات جاری نہیں کیے گئے۔
الوداعی اجلاس کے اگلے روز 21 فروری یا چند روز بعد نگران حکومت کا اقتدار اختتام پذیر ہوجائے گا جس کے بعد نئی منتخب حکومت فرائضِ منصبی کی انجام دہی شروع کردے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے گزشتہ برس 7اکتوبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ نگران کابینہ کا پہلا اجلاس اسی مہینے 23اگست کے روز ہوا۔
چھ ماہ پر مشتمل نگران حکومت نے اپنے متنازعہ فیصلوں پرتنقید کا سامنا کیا اور بعض تعمیراتی اقدامات بھی اٹھائے۔ رواں برس جنوری کے دوران وزیر اعلیٰ نے کراچی کی تمام شاہراہوں کی مرمت کا حکم دیا تھا۔