پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے فاسٹ بولر محمد عامر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر کوئٹہ کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ سہیل خان اور محمد عامر پرانے اور نئے گیند سے بولنگ کے ماہر ہیں، امید کرتے ہیں محمد عامر گلیڈی ایٹرز کیلئے سود مند بولر ثابت ہوگا۔
گفتگو کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ بہتر ہے کہ پی ایس ایل کیلئے غیر ملکی کھلاڑی میچز کے آغاز سے پہلے آجائیں ، اس سے ٹیم کامبینیشن بنانے میں آسانی ہوگی۔ یقین ہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ کھلاڑیوں کی جلد دستیابی کیلئے کوشاں ہے۔
محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ محسن نقوی نے گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے بہترین اقدامات اٹھائے۔ امید کرتے ہیں کہ آپ کرکٹ میں بھی بہتری لا سکیں گے۔
انڈر19ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر زبردست نظر آئی۔ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف آخری لمحات میں اِن سائیڈ ایج سے چوکا کھیل کا حصہ تھا۔