لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عون چوہدری کی جیت عام انتخابات کا سب سے بڑا مذاق ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ و میزبان عفت عمر نے آئی پی پی کے مرکزی رہنما عون چوہدری کی جیت کو مذاق قرار دیتے ہوئے معروف وکیل سلمان اکرم راجا کی شکست اور عون چوہدری کی فتح کو الیکشن 2024 کا سب سے بڑا مذاق قرار دے دیا۔
قبل ازیں لاہور کے حلقہ این اے 128 سے استحکامِ پاکستان پارٹی کے عون چوہدری نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا کو 1 لاکھ 72ہزار 576ووٹ لے کر شکست دے دی۔ سلمان اکرم راجا 1 لاکھ 59ہزار 24ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر جاری کیے گئے بیان میں اداکارہ عفت عمر نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کی ہار اور عون چوہدری کا جیتنا سب سے بڑا مذاق ہے۔ کچھ بھی ہو، عوام تو سلمان اکرم راجہ کے ساتھ کھڑی ہے، یہی حقیقت ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں اداکارہ عفت عمر نے کہا کہ حقیقت کو تسلیم کریں۔ الیکشن 2024 میں فاتح اور شکست کھانے والوں کو خوش اسلوبی سے اپنے اپنے نتائج تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ معروف ماڈل کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کا نیا نام آزاد پارٹی ہونا چاہئے۔