سابق وزیراعظم نواز شریف نے این اے 15مانسہرہ کا انتخابی نتیجہ چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ برفباری کے باعث رابطوں میں مشکلات درپیش رہیں، اس لیے نتیجہ روکا جائے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے تحت قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ کا الیکشن ہارنے کے بعد انتخابی نتیجہ چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کردی۔
دائر کی گئی درخواست میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ کے کئی علاقے برفباری کے باعث رابطوں میں مشکلات کا شکار رہے۔ 125 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں سے فارم 45 نہ پہنچنے کے باوجود نتائج کا اعلان کیا گیا۔
درخواست میں ن لیگی رہنما نواز شریف کا کہنا ہے کہ فارم 45 سامنے نہ آنے کے باعث این اے 15 کا نتیجہ روکا جائے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سامنے آنے والے این اے 15مانسہرہ کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق نواز شریف قومی اسمبلی کی نشست ہار گئے ہیں۔
غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 15 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گستاسب خان نے نواز شریف کو شکست دے دی تھی، فاتح امیدوار کا کہنا تھا کہ میری جیت عمران خان اور عوام کے ویژن کی فتح ہے۔ وہ جیسے کہیں، ویسے ہی کروں گا۔