ملک بھر میں الیکشن 2024 کیلئے جمعرات کی شام پانچ بجے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کی سطح پر نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر ن لیگ آگے، جبکہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی بھی مختلف حلقوں میں پوزیشن کچھ بہتر دکھائی دے رہی ہے۔
سندھ میں ایک بار پھر نتائج تقریبا روایتی ہی دکھائی دے رہے ہیں، ابتدائی موصولہ نتائج میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین بڑی اکثریت کے ساتھ سب سے آگے دکھائی دے رہی ہے، جبکہ کچھ حلقوں میں جی ڈی اے اور جے یو آئی کو معمولی برتری حاصل ہے۔
اندرون سندھ زیادہ تر حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی نمایاں طور پر آگے ہے، تاہم کچھ قومی اور صوبائی اسمبلی کے کچھ حلقے ایسے بھی ہیں جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کو جی ڈی اے اور جے یو آئی کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا ہے اور وہاں صورتحال انیس بیس کے فرق کا نظر آ رہا ہے۔
بلوچستان سے موصول ہونے والے ابتدائی غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں کوئی جماعت برتری حاصل کرتی نظر نہیں آ رہی۔ بلوچستان میں نتائج خاصے کنفیوز ہیں، پیپلز پارٹی، ن لیگ، جے یو آئی، عوامی نیشنل پارٹی، بی این پی کے ساتھ آزاد امیدواروں نے بھی متعدد حلقوں میں برتری حاصل کر رکھی ہے۔
کے پی کے میں ابتدائی غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں آزاد امیدواروں کی کامیابی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، اس کے علاوہ جے یو آئی، ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی، پی ٹی آئی پرویز خٹک بھی کئی حلقوں میں آگے دکھائی دے رہے ہیں۔