ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس تھانے پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 10 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے، جوابی فائرنگ کے بعد نامعلوم دہشت گرد فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل درابن کے تھانہ چودھوان پر رات گئے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے تھانے پر رات 3 بجے کے قریب چاروں اطراف سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے پہلے اسنائپر گولیاں چلائیں اور پھر چودھوان پولیس اسٹیشن میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کی۔
اس دوران دہشت گردوں نے دستی بموں کا بھی استعمال کیا، حملے کے نتیجے میں 10 پولیس شہید اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی اضافی تھانہ پہنچ گئی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے نامعلوم دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگئے۔
پولیس شہداء میں محمد اسلم، غلام فرید، محمد جاوید، محمد ادریس، محمد عمران، صفدر، کوثر، احترام سید، رفیع اللہ اور حمید الحق شامل ہیں جبکہ شہید ہونے والوں میں ایلیٹ فورس کے 6 اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ کوئیک رسپانس فورس بھی اضافی نفری لے کر موجود ہے۔
واضح رہے کہ درابن میں پولیس پر اس نوعیت کا یہ دوسرا حملہ ہے۔