دین کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و قوال راحت فتح علی خان کی حالیہ وائرل ویڈیو پر ردعمل دیا ہے۔
27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔
سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے یوٹیوب پر اپنی ویڈیو میں اس معاملے کو لیکر راحت فتح علی خان پر سخت تنقید کی ہے اور ان پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔
رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ میں گزشتہ دنوں سے راحت فتح علی خان کی ویڈیو دیکھ رہی تھی، شروعات میں اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ میں اب میوزک انڈسٹری کا حصہ نہیں ہوں لیکن پھر میرے ضمیر نے مجھے خاموش رہنے کی اجازت نہیں دی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتاتی چلوں کہ یہ بڑے گلوکار اپنے شاگردوں کو مفت میں رکھتے ہیں، یہ اپنے شاگردوں کو بمشکل ہی معاوضہ دیتے ہیں، یہ نامور گلوکار اپنے شاگردوں کو موسیقی سکھانے کا لالچ دیکر ان سے اپنے گھر کے تمام کام کرواتے ہیں۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ جب کوئی گلوکار کنسرٹ کرتا ہے تو وہ کروڑوں میں معاوضہ لیتا ہے جبکہ وہ اپنے ان شاگرد موسیقاروں کو چند ہزار روپے ادا کرتا ہے اور یہ بڑے گلوکار اپنے شاگرد موسیقاروں کو عزت بھی نہیں دیتے۔
اُنہوں نے کہا کہ بہت سارے لو پروفائل موسیقار ہیں جن کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جا رہا ہے، موسیقار کے بغیر کنسرٹ نہیں ہو سکتا کیونکہ موسیقار کی وجہ سے ہی کنسرٹ ہٹ یا فلاپ ہوتا ہے لیکن ہمارے یہاں گلوکار کو تو عزت دی جاتی ہے، کروڑوں روپے دیتے جاتے ہیں جبکہ موسیقاروں کو کوئی نہیں پوچھتا اور وہ اپنی ساری زندگی ان گلوکاروں کی خدمت میں گزار دیتے ہیں۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ راحت فتح علی خان کی اپنے شاگرد پر تشدد کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ اُن کا شاگرد بھی اُن کے گھر میں مفت میں کام کررہا ہے، راحت صاحب نے اپنے شاگرد سے موسیقی سکھانے کا وعدہ کیا ہوگا اور بدلے میں اپنے گھر کی ملازمت کروارہے ہیں۔
انہوں نے راحت فتح علی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے شراب کی بوتل کو دم کا پانی بناکر سب کے سامنے پیش کیا، آپ اُس بوتل کو کوئی دوسرا نام بھی دے سکتے تھے اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی ملازمین پر تشدد کرنے کی دیگر ویڈیوز بھی لیک ہوں گی کیونکہ آپ کے حساب سے آپ کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ آپ نے غلطی کی ہے، اسی لیے تو ویڈیوز منظر عام پر آرہی ہیں، ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں، مجھ سے بھی ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں، میں آپ کو یہی مشورہ دوں گی کہ عوام سے معافی مانگنے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔