بلوچستان کے علاقے مچھ میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کا حملہ سیکورٹی فورسز نے پسپا کردیا، کمانڈو کارروائی میں پانچ دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسزکو دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھیں اور انہوں نے دہشت گردوں کیلئے گھات لگا رکھی تھی۔
حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے جیل کے مرکزی دروازے اور باؤنڈری وال پر راکٹ داغے۔ سیکورٹی فورسز نے بھاگتے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ضلع بولان کے علاقے مچھ میں سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے تین منظم حملوں کو ناکام بنایا۔
”ایکس“ پر جاری ایک بیان میں جان اچکزئی نے کہا کہ یہ حملے اسلم اچھو گروپ سے منسلک دہشتگردوں نے کیے، تاہم ان میں سیکورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی تنصیبات کو کوئی نقصان پہنچا۔
انہوں نے لکھا کہ دہشتگرد واپس جا چکے ہیں اور ہماری سیکورٹی فورسز متحرک ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس خطرے سے صبح تک نمٹ لیا جائے گا۔
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ دہشت گردوں نے پہاڑوں سے راکٹ داغے، دہشت گردوں کے ہینڈلر بیرون ملک بیٹھے ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ حملہ کالعدم بی ایل اے کی جانب سے کیا گیا، جسے فورسز نے پسپا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے سوشل میڈیا پر آپریشن کا پروپیگنڈا کیا مگر ان کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی۔ جان اچکزئی نے کہا کہ سیکورٹی اداروں نے ثابت کیا چند دہشتگرد کا ہماری فائر پاور اور مشین سے کوئی میچ نہیں۔