غزہ پر اسرائیل کے نان اسٹاپ وحشیانہ حملوں کے ہنگام نامور امریکی باکسر گرونٹا ڈیوس نے اسلام قبول کرکے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
امریکی شہر بالٹی مور سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ باکسر گرونٹا ڈیوس نے اتوار کو میری لینڈ کی ایک مسجد میں ایک تقریب کے دوران کلمہ شہادت کا اقرار کرکے اسلام قبول کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ووڈلاون کی مسجد الہدایہ میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں ڈیوس نے کلمہ شہادت کا اقرار کیا۔ ان کا نیا اسلامی نام عبد الواحد رکھا گیا ہے، تاہم ڈیوس نے قانونی طور پر اپنا نام تبدیل نہیں کیا ہے۔
باکسنگ کی دنیا میں ہونے والی اس اہم پیشرفت کی اطلاع ڈیوس کے ساتھی باکسر بدو جیک نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے دی۔
Welcome to Islam brother @Gervontaa Alhamdulillah pic.twitter.com/mCQrqRtUZC
— Badou Jack (@BadouJack) December 24, 2023
انہوں نے اس اطلاع کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں نامور باکسر کے قبول اسلام کے لمحات کو عکس بند کیا گیا ہے۔
نامور باکسر کا یہ اقدام سامنے آتے ہی دنیا بھر کی اسلامی برادری نے انہیں اپنے درمیان پرجوش انداز میں ویلکم کیا ہے۔
خراج تحسین پیش کرنے والوں میں سابق UFC چیمپئن خبیب نورماگومیدوف بھی نمایاں ہیں، جنہوں نے انہیں اپنے نئے عقیدے میں خوش آمدید کہا اور انہیں ان کے بہتر مستقبل کیلئے دعا دی۔
گرونٹا ڈیوس پہلے ایسے بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی باکسر نہیں ہیں، جنہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے، ڈیوس اس راہ میں درحقیقت عظیم محمد علی کلے اور مائیک ٹائسن کے پیروکار ہیں۔
اب ایک نظر ڈیوس کے کیریئر پر ڈالتے ہیں، ڈیوس عبدالواحد اپنے کیریئر میں 29-0 کے ریکارڈ کے ساتھ ناقابل شکست ہیں اور آخری بار اپریل 2023 میں TKO کے ذریعہ ریان گارسیا کو شکست دی تھی۔ انہوں نے ابھی تک عوامی طور پر مذہب تبدیل کرنے کے اپنے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
عظیم محمد علی نے اپنا نام کیسیئس کلے سے تبدیل کیا تھا، وہ اس شعبے کے سب سے عظیم کھلاڑی مانے جاتے ہیں۔
ٹائسن نے بھی اپنے آپ کو اسلام کے لیے وقف کرنے کا انتخاب کیا، لیکن ڈیوس اور علی کے برعکس ٹائسن نے مسلم نام کا انتخاب نہیں کیا۔