اسلام آباد: ملک میں انڈوں کی قیمت 400روپے فی درجن سے تجاوز کرگئیں، جس کے باعث صارفین مشکلات سے دوچار ہوگئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد، فیصل آباد اور پشاور جیسے بڑے شہروں میں ایک درجن انڈوں کی قیمت 420 روپے تک پہنچ گئی ہیں۔
سیالکوٹ میں قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے، ایک درجن انڈوں کی قیمت اب 410 روپے ہے۔
اسی طرح راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاڑکانہ اور ملتان میں صارفین 400 روپے فی درجن ادا کر رہے ہیں۔ کوئٹہ اور بنوں بھی پیچھے نہیں، 400 روپے فی درجن کے نرخوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جبکہ خضدار اور سکھر کو 390 روپے فی درجن کے نرخوں کا سامنا ہے۔
کراچی، بہاولپور اور حیدرآباد میں انڈوں کی قیمت 380 روپے فی درجن تک پہنچ گئی۔
دریں اثنا، لاہور میں، سرکاری قیمت 364 روپے فی درجن ہے، لیکن دکاندار مختلف نرخوں پر انڈے فروخت کررہے ہیں۔