انٹرنیٹ پر حال ہی میں کراچی کی ایک خاتون کی ویڈیو وائرل ہے، جس کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ کے الیکٹرک عملے نے محض 11 ہزار روپے کے بل کیلئے “کراچی کی بیٹی” پر تشدد کرکے اس کی ویڈیو وائرل کر دی۔
اس ویڈیو کو لیکر سوشل میڈیا صارفین کے الیکٹرک عملے کیخلاف برہمی کا اطہار، متعلقہ خاتون کو انصاف فراہم کرنے اور ذمے داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، ویڈیو کسی تھانے میں بنائی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون ہاتھ جوڑ کر روتے ہوئے معافی مانگ رہی ہیں۔
ایم ایم نیوز نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ واقعہ چند روز قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 2 میں پیش آیا تھا، جہاں اس خاتون پر 11 ہزار روپے کے بجائے مبینہ طور پر 38 ہزار روپے کا بل واجب الادا تھا۔
اس سلسلے میں ترجمان کے الیکٹرک نے رابطہ کرنے پربتایا کہ بل کی عدم ادائی پر کے الیکٹرک ٹیم نے خاتون کا کنکشن منقطع کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز کیا تو خاتون نے ٹیم کے ساتھ بدسلوکی کی، گالیاں دیں اور عملے کو تھپڑ بھی مارے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق خاتون کی جانب سے بدسلوکی پر کے الیکٹرک کی درخواست پر خاتون کو مقامی تھانے بلایا گیا، جہاں مقدمہ درج کیے جانے کے خوف سے خاتون نے کے الیکٹرک عملے سے معافی مانگی۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد کے الیکٹرک عملے نے مقدمہ درج نہیں کرایا اور قانونی کارروائی کا معاملہ رفع دفع کردیا۔