بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ سنچورین کے سپر سپورٹس پارک میں گزشتہ روز شروع ہو گیا ہے۔
اسی دن آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوا۔ ان دونوں میچوں کو ”باکسنگ ڈے ٹیسٹ” کہا جائے گا۔
باکسنگ ڈے کیا ہوتا ہے؟
دراصل کرسمس کے اگلے دن یعنی 26 دسمبر کو “باکسنگ ڈے” کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس موقع پر لوگ وہ گفٹ بکس کھولتے ہیں جو 25 دسمبر کو انہیں دوستوں اور دیگر تعلق داروں سے ملتے ہیں۔
26 تاریخ کو ڈبوں (بکسز) میں نوکروں اور ملازمین کو تحائف دیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اسے باکسنگ ڈے کا نام دیا جاتا ہے۔
26 دسمبر بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہت اہم دن ہے۔ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسے ممالک کے کرکٹ بورڈز اس دن ٹیسٹ میچوں کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ کرسمس کی طویل تعطیلات کے دوران شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے۔
آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کئی سالوں سے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور یہ دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ میں بے حد مقبول ہے۔