پاکستانی فلم “اِن فلیمز” نے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم کا گولڈن یسر جیت لیا ہے۔ ریڈ سی فلم فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن 30 نومبر سے 9 دسمبر تک جدہ میں جاری ہے۔ یاد رہے کہ اِن فلیمز کو آسکر کی بین الاقوامی فیچر کیٹیگری میں بھی پاکستان کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کی تقریب جس میں ول اسمتھ، جانی ڈیپ، کرس ہیمس ورتھ اور شیرون اسٹون جیسے ہالی ووڈ اداکار بھی موجود تھے، اس فیسٹیول نے جمعرات کی شام کو ریڈ سی کے اعزازات یسر ایوارڈز کے ساتھ ساتھ دیگر انعامات کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا۔
نگران وزیر اعظم کو ایک بار پھر طالب علم کے چبھتے ہوئے سوالات کا سامنا
پاکستانی کینیڈین ہدایت کار اور مصنف ضرار کاہن نے کہا کہ ان کی انڈی فلم صرف 300,000 امریکی ڈالر میں بنائی گئی جو ریڈ سی فنڈ پروڈکشن گرانٹ کے برابر ہے۔
گزشتہ مہینے ان فلیمز نے 72 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول مین ہائم ہائیڈل برگ میں انٹرنیشنل نیوکمر (بین الاقوامی نوآموز) ایوارڈ جیتا تھا۔ اس سال کے شروع میں مئی میں یہ ہارر ڈراما فلم 43 سالوں میں دوسری پاکستانی فلم تھی جس نے ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں جگہ بنائی۔ یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جو معروف کانز فلم فیسٹیول کے متوازی چلتا ہے۔
اکتوبر میں فلم کو آزادانہ طور پر کراچی شہر کے ایٹریئم سینما گھروں میں 12 دن کے لیے ریلیز کیا گیا تھا جسے بعد میں 9 نومبر تک بڑھا دیا گیا۔ یہ فلم ٹورنٹو، بوسان، اسیٹجز، ساؤ پالو اور پنگیاؤ کے میلوں میں بھی شریک ہو چکی ہے۔