منیلا: فلپائن میں ہفتے کی رات کو آنے والے شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی، جبکہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد فلپائن اور جاپان کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ فلپائن کے جزیرے منداناؤ میں 7.5 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جاپان کے مغربی ساحلی علاقے میں سونامی کے زیر اثر لہریں ایک میٹر تک بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق زلزلے نے سوریگاو ڈیل سور اور ڈیواؤ اورینٹل صوبوں کے کچھ حصوں کو ہلا کر رکھ دیا، جس سے ملک اور جاپان میں ساحلی انخلا اور سونامی کے الرٹ جاری ہوئے۔
فلپائن کے جنوب میں زلزلے سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا ہے، ڈیزاسٹر حکام کے مطابق انفرااسٹرکچر کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح تک زلزلے سے منسلک سونامی کا خطرہ بڑی حد تک ٹل چکا ہے، اور گھروں سے نکلنے والے شہری واپس گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون دیوار گرنے سے اس وقت ہلاک ہوئی جب ٹیگم شہر کا کنبہ جان بچانے کے لیے گھر سے نکل رہا تھا۔