بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں ایک افسوسناک واقع پیش آیا جب حاملہ بیٹی کو قتل کرکے والدین نے لاش کو دریا میں پھینک دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے والدین کو حراست میں لے لیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا تھا 17 سالہ مقتولہ 8 ماہ کی حاملہ تھی، وہ گزشتہ سال اکتوبر میں اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ فرار ہوگئی تھی جس کے بعد والدین نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی۔
لڑکی کے والدین کا مؤقف تھا کہ راہول نے ہماری بیٹی کو اغوا کیا اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ پولیس نے دونوں کا سراغ لگانے کے بعد لڑکی کو والدین جبکہ ملزم کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
راہول کے خلاف کیس میں ہفتے کے روز عدالت نے مقتولہ کو بیان ریکارڈ کروانے کیلیے طلب کیا تھا۔ والدین سے لڑکی نے کہا کہ وہ راہول کے خلاف کوئی بیان نہیں دے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی جمعے کی رات اسی بات پر گھر میں اپنے والدین سے تلخ کلامی ہوئی تھی کہ میں کل عدالت میں راہول کے حق میں بیان دوں گی جس کے بعد والدین نے لڑکی کو قتل کرکے لاش دریا میں پھینک دی۔
مزید پڑھیں:فلوریڈا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے3افراد قتل
رپورٹس کے مطابق بیٹی کو قتل کرنے کے جرم میں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔