سوال: میرے شوہر اپنی ضرویات کے لئے مختلف چیزیں خرید کر لاتے رہتے ہیں اور کچھ عرصہ استعمال کے بعد اس کی ضرورت باقی نہیں رہتی ہے، اس طریقہ سے کافی چیزیں گھر میں جمع ہوگئی ہیں۔
میں شوہر کی لائی ہوئی ایسی چیزوں کو فروخت کرنا چاہتی ہوں، تو کیا میں اپنے شوہر کی چیزیں ان کی اجازت کے بغیر فروخت کرسکتی ہوں؟
جواب: واضح رہے کہ شوہر اپنے مال و جائیداد اور مملوکہ چیزوں کا تنہا مالک ہوتا ہے اور اس کی بیوی اس بارے میں اجنبی کے حکم میں ہوتی ہے، لہذا اسے شوہر کی چیزوں میں اجازت کے بغیر تصرف کرنے کا حق حاصل نہیں ہوتا ہے۔
لہذا اگر شوہر کی اجازت کے بغیر اس کی کوئی چیز فروخت کرے گی، تو یہ سودا شوہر کی اجازت پر موقوف رہے گا، اگر شوہر اجازت دے گا، تو یہ سودا صحیح ہوجائے گا، اور اگر اجازت نہیں دے گا، تو سودا باطل ہوکر ختم ہوجائے گا۔