کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاقِ رائے آج ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی رعنا انصار آج بھی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے پر تقرر کیلئے مشاورت کریں گے جس کیلئے قائدِ حزبِ اختلاف رعنا انصار سی ایم ہاؤس پہنچیں گی۔
صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد
وزیرِ اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے 3 نام تجویز کریں گے۔ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے نگران وزیرِ اعلیٰ کیلئے دونوں جانب سے بارہ تیرہ نام سامنے آچکے ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے تجویز کردہ تمام ناموں کو قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام نام اچھے ہیں۔ اس عہدے کیلئے کہیں اور سے نام نہیں لیا جائے گا بلکہ جن ناموں پر بات ہوچکی، انہی میں سے فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج رات 12 بجے تک نگراں وزیرِ اعلیٰ کے نام پر اتفاق کر لیں گے۔ اگر اتفاقِ رائے نہ ہوسکا تو پارلیمانی کمیٹی کو 2، 2 نام بھجوائیں گے۔ اگر کمیٹی نے بھی فیصلہ نہ کیا تو معاملہ الیکشن کمیشن بھجوایا جائے گا۔
اب تک وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کیلئے 2 بار ملاقات کی ہے تاہم کوئی واضح نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ آج مشاورت کا آخری روز ہے۔