شہرِ قائد میں جشنِ آزادی منانے کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ شب 12 بجے کے بعد سے ہی ہوائی فائرنگ شروع کردی گئی۔ ہر طرف آتش بازی اور فائرنگ سمیت خوشی کے اظہار کے مختلف طریقے اپنائے گئے جبکہ ہوائی فائرنگ غیر قانونی قرار دی گئی ہے۔
مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 4بچوں کا باپ گھر کی دہلیز پر جاں بحق
تاہم کراچی کے متعدد علاقوں میں فائرنگ ہوئی، فائرنگ کے مختلف واقعات گلشنِ حدید، لیاری، گارڈن، محمود آباد، لانڈھی کورنگی، نیو کراچی، گارڈن اور بلال کالونی سمیت مختلف علاقوں میں پیش آئے۔
اندھا دھند ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوئے۔ نمائش چورنگی کے علاقے میں خاتون نامعلوم سمت سے اندھی گولی کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئیں۔ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ 24 زخمی سول، 30 عباسی شہید جبکہ 29 جناح ہسپتال لائے گئے۔ ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان آج سے 76 سال قبل دنیا کے نقشے پر ابھرا جس کی یاد میں آج جشنِ آزادی منایا جارہا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ہر گھر سبز ہلالی پرچموں سے سج گیا۔