خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر کے 18 سالہ نوجوان نے امریکی ریاست میکسیکو کی 49 سالہ روسی نامی خاتون سے شادی کرلی۔
خیبر پختونخوا میں ایک ماہ کے دوران 4 غیر ملکی لڑکیاں اپنے چاہنے والوں سے ملنے پاکستان پہنچ گئیں۔ رواں ہفتے بھارت سے انجو نامی لڑکی اور چینی لڑکی سونگ گوفنگ کی آمد کے بعد بونیر کے علاقے شلبانڈی میں روسی نامی میکسیکن خاتون کی شادی کے چرچے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
جنوبی امریکا کی لڑکی پاکستانی دوست سے شادی کرنے چارسدہ پہنچ گئی
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بونیر شاہ حسن نے جیو نیوز کو بتایا کہ میکسیکو سے روسی نامی خاتون مکمل دستاویزات کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوئی اور مسیحی مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا۔
روسی نامی خاتون نے اسلامی نام عائشہ رکھا اور اعزاز علی کے ساتھ شادی کرلی۔ عائشہ بی بی اور اعزاز علی کے درمیان فیس بک دوستی 27 جون کو شادی میں تبدیل ہوئی۔ جو پشتون روایات کے مطابق اور دھوم دھام سے ہوئی۔
ڈی پی او کے مطابق 17 جون کو پاکستان پہنچنے والی عائشہ بی بی 19 جولائی کو واپس میکسیکو روانہ ہوگئی ہے، جبکہ دُلہا اعزاز علی کا بھی میٹرک رزلٹ آنے کے بعد میکسیکو جانے کا پروگرام ہے۔
یاد رہے کہ امریکا کے شہر چلی سے بھی نیکولا نامی 36 سالہ لڑکی نے عیسائیت چھوڑ کر پاکستان پہنچنے پر اسلام قبول کیا اور چارسدہ کے 27 سالہ جوان اکرام خان سے شادی کرلی۔