خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکہ اور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے۔ دھماکے میں 4افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق باڑہ بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوا ہے۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی
دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے تھانے پر فائرنگ شروع کردی۔ دو طرفہ شدید فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ پولیس کی مزید نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو علاج کیلئے ایچ ایم سی منتقل کردیا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد باڑہ بازار کو بند کردیا گیا۔ دھماکہ باڑہ بازار میں تحصیل کمپاؤنڈ کے پولیس اسٹیشن کے قریب ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ شدید فائرنگ کے باعث دونوں جانب سے جانی نقصان کے شدید خدشات ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پشاور کے علاقے حیات آباد میں زور دار بم دھماکہ ہوا، جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا 2 روز قبل کہنا تھا خودکش دھماکہ سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے نزدیک ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔