لندن: سابق مشیرِ احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ میں برطانیہ میں ہوں اور اگر نیب کو سوالوں کے جواب چاہئیں تو ویڈیو لنک پر دوں گا، بھگوڑا نہیں ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سابق مشیرِ داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں برطانیہ میں موجود ہوں اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے سوال نامے کا جواب دے چکا ہوں۔ تاحال میرے وارنٹ جاری نہیں ہوئے۔
اس سال انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے۔شہزاد اکبر
بیان میں شہزاد اکبر نے کہا کہ اگر نیب سوالات کرنا چاہے تو میں کہہ چکا ہوں کہ ویڈیو لنک پر دستیاب ہوں۔ سارے سوالوں کے جواب مل جائیں گے تاہم ان کی خواہش ہے کہ مجھے بلا کر شہباز گل والا سلوک کریں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمران خان دورِ حکومت کے سابق مشیرِ داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تباہی کے ذمہ دار ہیں جبکہ مجھے اس سال انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے۔
آج سے 2 روز قبل لندن میں میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق مشیرِ داخلہ نے کہا کہ نواز شریف اچھے آدمی ہیں جبکہ جنرل باجوہ ہماری پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تھے۔