لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے حوالے سے اچھی خبریں سامنے آنے لگیں، کرکٹ تعلقات میں جمی برف پگھلنے لگی۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بورڈ آف کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کے درمیان جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ہے۔
خوشگوار ماحول میں دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاک بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
جے شاہ نے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے جے شاہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔
مزید پڑھیں:قومی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ریاض نے اپنی خواہش کا اظہار کردیا
دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں کی جائیں گی۔