ہوشاب : بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں پاک فوج کے میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو روکنے کیلئے ناکہ بندی کی جس پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید ہوگئے جبکہ ایک جوان زخمی بھی ہوا۔ میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
بتایا جارہا ہے کہ میجر ثاقب حسین نے والدین اور بیوہ سوگوار چھوڑی ہیں جبکہ نائیک باقر علی کے سوگواران میں تین سال کی بیٹی اور بیوہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید
اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، اس دوران فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ہلاک دہشت گرد 11 اپریل 2022 کو پولیس پر حملے میں مطلوب تھے، حملے میں 5 پولیس کانسٹیبلز کی شہادت ہوئی تھی، اس کے علاوہ یہ دہشتگرد معصوم شہریوں کیخلاف کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔