کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری دبئی پہنچ گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری خصوصی طیارے پر کراچی سے دبئی پہنچے ہیں، دونوں عید الاضحیٰ دبئی میں گزاریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری عید کے بعد وطن واپس آئیں گے، دونوں کی دبئی میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ہونے کا امکان ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنا دورہ چین منسوخ کرکے دبئی گئے ہیں، انہوں نے 26 جون کو تین روزہ دورے پر چین کے شہر تیانجن جانا تھا، شیڈولنگ کے مسائل کے باعث دورہ چین ملتوی کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری دبئی کے بعد سرکاری دورے پر چین روانہ ہوں گے۔
سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف بھی دبئی میں موجود ہیں اور وہ گزشتہ روز دبئی پہنچے تھے۔ اُن کو دبئی حکومت کی جانب سے خصوصی پروٹوکول بھی فراہم کیا جارہا ہے۔
نواز شریف آج رائل فیملی اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ ہوں گی۔
نواز شریف دبئی میں قیام کے بعد ابوظبی اور سعودی عرب جائیں گے، وہ سعودی عرب میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے بعد دوبارہ دبئی آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست کا مرکز ابھی دبئی رہے گا جس کے لیے کئی سیاسی رہنماؤں کی دبئی آمد کا امکان ہے، دبئی میں اگلے چند دنوں میں نواز شریف سے کئی سیاسی رہنماؤں کی بیٹھکیں متوقع ہیں۔