اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف پیرس میں منعقد ہونے والے نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے جمعرات سے فرانس کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کی دعوت پر نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ میں شرکت کیلئے سرکاری دورے پر فرانس جائیں گے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ سربراہی اجلاس عالمی قائدین کو گفتگو کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان کردیا
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران پائیدار ترقی، ماحولیات، توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے ایجنڈے کی مالی اعانت کے چیلنجز پر گفتگو ہوگی۔ سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، موسمیاتی فنانس، گرین انفراسٹرکچر، ایس ڈی جیز کے حصول اور قرضوں سے متعلق حل کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر اور تجاویز دیں گے اور دیگر عالمی رہنماؤن کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اگلے دو سالوں کے دوران دیگر اہم بین الاقوامی تقریبات اور کانفرنسوں کے سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر سربراہی اجلاس کا مقصد بین الاقوامی مالیاتی نظام کی جامع اصلاحات کے لیے درکار اصولوں اور اقدامات کی وضاحت کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف دورۂ فرانس کے دوران فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سے ملاقات بھی کریں گے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان زیادہ متوازن اور منصفانہ شراکت داری کی راہ ہموار کرنا ہے جبکہ جی 77 عالمی مباحثے میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ترقی پذیر ملک کی حیثیت سے شریک ہو رہا ہے۔