پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ منگل کے روز نیپال کے خلاف تن کے وونگ روڈ ریکری ایشن گراؤنڈ ہانگ کانگ میں کھیلے گی۔
فاطمہ ثنا پاکستانی ٹیم کی قیادت کررہی ہیں۔پاکستانی ٹیم گروپ اے میں ہانگ کانگ، نیپال اور انڈیا کے ساتھ ہے۔پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ پندرہ جون کو ہانگ کانگ اور تیسرا میچ سترہ جون کو انڈیا اے کے خلاف کھیلے گی۔
ہرگروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی جو انیس جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل اکیس جون کو ہوگا۔
2019ء میں کھیلے گئے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں جو سری لنکا میں کھیلا گیا تھا پاکستانی ٹیم چار ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں جیت پائی تھی۔موجودہ ٹیم کی چار کھلاڑی کپتان فاطمہ ثنا۔ وکٹ کیپر ناجیہہ علوی اور اسپنرز عروب شاہ اور طوبٰی حسن 2019ء میں بھی یہ ٹورنامنٹ کھیلی تھیں اور اب ٹیم ان سے اچھی کارکردگی کی توقع رکھے ہوئے ہے۔
فاطمہ ثنا کے علاوہ چھ دیگر کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا تجربہ رکھتی ہیں۔ ان میں گل فیروزہ۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ عروب شاہ۔طوبُی حسن اور ام ہانی شامل ہیں۔
عروب شاہ۔ انوشے ناصر۔ ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار اس سال جنوری میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ہانگ کانگ آنے سے قبل پندرہ روزہ کیمپ کے علاوہ پاکستان کپ ویمنز ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں اسٹرائیکرز کے نام سے حصہ لے چکی ہیں۔اس ٹیم کی قیات فاطمہ ثنا نے کی تھی اور اس نے ٹورنامنٹ کے تینوں میچز جیتے تھے۔
کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہر کھلاڑی کو پتہ ہے کہ اس کا کیا رول ہے اب یہ ان کا کام ہے کہ وہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں۔
فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ اگرچہ انفرادی کارکردگی اور مہارت کا اہم رول ہوتا ہیتاہم انہیں مجموعی طور پر اپنی ٹیم کی صلاحیت پر یقین ہے اور یہ تمام کھلاڑی بڑی باصلاحیت ہیں۔
وہ نہیں چاہیں گی کہ کسی ایک کھلاڑی پرانحصار کیا جائے۔ یہ بہت اہم ہوگا کہ ہر کھلاڑی ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کرے۔انہیں اپنی ہر کھلاڑی پر پورا بھروسہ ہے اور ہم ملکر اچھے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
فاطمہ ثنا نے اس ٹورنامنٹ کو نوجوان کرکٹرز کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینئر ٹیم میں بھی جگہ بنانے کی کوشش کریں۔
پاکستانی ایمرجنگ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ فاطمہ ثنا (کپتان) انوشے ناصر۔ ایمان فاطمہ۔ گل فیروزہ۔ گل رخ۔ لبنی بہرام۔ ناجیہہ علوی (وکٹ کییپر) نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ شوال ذوالفقار۔ سیدہ عروب شاہ۔ طوبٰی حسن۔ ام ہانی اور یسرٰی عامر۔
ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات۔ دعا ماجد۔فاطمہ خان اور رامین شمیم شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ میں ٹیم کی شسکت کا ملبہ بھارتیوں نے انوشکا شرما پر گرا دیا
پلیئر سپورٹ اسٹاف ان ارکان پر مشتمل ہے۔ عائشہ جلیل (منیجر)۔ محسن کمال (ہیڈ کوچ)۔محمد کامران حسین (اسسٹنٹ کوچ) محمد عثمان شاہد (انالسٹ) اور رابعہ صدیق (فزیوتھراپسٹ)۔
ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے میچز۔
13جون۔ بمقابلہ نیپال۔ چھ بجے (پاکستانی وقت)۔
15 جون۔ بمقابلہ ہانگ کانگ۔چھ بجے (پاکستانی وقت)۔
17 جون۔ بمقابلہ بھارت اے۔ ساڑھے دس بجے (پاکستانی وقت)۔