ممبئی: بھارت کے سابق اسٹار کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ ہارنے پر بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سچن ٹنڈولکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سینئر آف اسپنر روی چندرن ایشون کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لیے پلیئنگ الیون سے باہر کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کرنی چاہیے تھی جو وہ نہیں کر سکی۔ سابق بھارتی کھلاڑی نے اپنے ٹوئٹ میں آسٹریلوی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔
سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ایشون دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بولر ہیں اور ان جیسے اسپنرز کو سازگار حالات کی ضرورت نہیں ہوتی ہے، آسٹریلیا کے پاس 5 بائیں ہاتھ کے بیٹرز تھے۔
مزید پڑھیں:شہدا کی حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، شاہد آفریدی
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں بھارت کو 209رنز سے شکست دے کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔