کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے منشیات فروشی اورڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ڈکیت گروہ کے2ملزمان امیرزیب اور فرحان کوگرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن اور 2عدد چھینی ہوئی موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔
ملزمان اورنگی ٹاؤن اور گرد و نواح میں منشیات فروشی، ڈکیتی اور چھینا چھپٹی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ملزمان گھر کے باہر بیٹھے ہوئے اور روڈ پر آنے جانے والے شہریوں سے گن پوائنٹ پر موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ملزم فرحان عادی مجرم ہے اور متعددبار جیل جا چکا ہے۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن،سائیٹ ٹاؤن اور گرد ونواح کے علاقوں سے ڈکیتی اور چھینا چھپٹی کی 100 سے زائد وارداتوں میں 300 سے زائد موبائل فون اورمبلغ 3لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 9 دہشتگرد گرفتار
ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن اور موٹرسائیکلیں مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔