باغ: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے، نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے باغ آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خالص کشمیری ہیں کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا موجود ہیں۔
کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہدا کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا، شہدا کے مجسموں کو توڑنے والا پاکستانی نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے شہدا کو سب کا سلام، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام، شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں کا احترام نہیں کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا پورا آزاد کشمیر شرمندہ ہے، شہدا کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، وہ چھپ کر بنکرمیں بیٹھا ہے، عوام اسے نشان عبرت بنا دیں گے،کوئی کتنا بھی غصے میں ہو کوئی پاکستانی ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کر سکتا۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ یہ شخص ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا بھی کر کے آیا تھا، قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گھیراؤ جلاؤ، فتنہ بازی کی سیاست سے کون یاد آتا ہے، جب کسی کے پاس کارکردگی نہ ہو ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں، جس کو مسلط کیا گیا آج وہ جماعت کہاں گئی؟ جہاں سے جماعت آئی وہیں واپس چلی گئی۔
ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جب موٹر وے پر سفرکرتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے؟ آزاد کشمیرمیں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیز دیکھتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے، 75 برسوں میں نوازشریف کے 9 سال نکال دو تو کچھ نظرنہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے کئی دشمن آئے اور گئے، مشرف دور سے یہی کچھ دیکھ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ نواز شریف کو بار بار لے کر آتا ہے،آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم اس کیخلاف گواہی دے رہا ہے، نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی۔
مزید پڑھیں:سندھ کے تمام اضلاع کیلئے میئرز، چیئرمینز اور امیدواروں کا اعلان کردیا گیا
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ جو کہتا تھا اکیلا ہی کافی ہوں آج اکیلا ہی رو رہا ہے، آج کل صبح و شام، رات کو روتا ہے، جس کو رلانا تھا وہ مسلم لیگ (ن) آج ڈٹ کر کھڑی ہے،نوازشریف نے سینے پر مشکلات برداشت کیں، نوازشریف نے کبھی پاکستان پرآنچ نہیں آنے دی۔