اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیرِ مملکت شہریار آفریدی کی عدالتی احکامات کے خلاف دوبارہ گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے شہر یار آفریدی کو رہا کردیا تھا، تاہم اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ رہائی کے بعد گرفتاری پر توہینِ عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔
حکومت الیکشن سے گھبرائی ہوئی ہے۔عمران خان
شہر یار آفریدی کے وکیل افضل مروت نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود دوبارہ گرفتاری کی گئی جس کے عبد پولیس نے ان کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا۔
ہائیکورٹ نے توہینِ عدالت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو متعلقہ عدالت میں عدم پیشی کے معاملے پر جواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔
وکیل افضل مروت نے کہا کہ عدالت ہدایت کے ساتھ ہماری درخواست نمٹائے، کل کیس کی سماعت بھی ہے۔ شہر یار آفریدی کو ڈیتھ سیل میں جگہ دی گئی ہے۔ عدالت ڈیتھ سیل سے نکالنے کا زبانی حکم دے چکی ہے۔
افضل مروت نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈیتھ سیل سے نکالنے کیلئے تحریری حکم نامہ جاری کیا جائے۔ مقدمے کی سماعت کرنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس ارباب طاہر نے ہدایات دے دیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دئیے کہ ہمارے آرڈر کی تعمیل نہ کی گئی ہو، یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ توہینِ عدالت کے کیس کو نمٹائیں گے نہیں۔ کل دوبارہ سماعت ہوگی۔ بعد ازاں مقدمے کی سماعت 2 جون تک ملتوی کردی گئی۔