اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری، فساد پھیلانا ہے، انہوں نے کہا کہ دفاعی تنصیبات، سیاسی مخالفین کے گھروں پر حملے کرنا یہ سیاسی کلچر نہیں، عمران خان نے ہر شہر میں گینگ بنائے، کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ سیاسی لیڈر نہیں ایک فتنہ ہے، یہ سیاسی جماعت نہیں ایک نفرت انگیز مائنڈ سیٹ ہے، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا سیاسی طور پر اختلاف رہا، ہم نے کبھی ایک دوسرے کے گھروں پر حملے نہیں کیے تھے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس فتنہ سے پوچھتا ہوں یہ کونسی سیاست ہے، اس نے لوگوں کو مخالفین کے گھروں کو جلانے کا سبق پڑھایا ہے، تم کس طرف لوگوں کو دھکیل رہے ہو۔شہدا کی یادگاروں کو جلانا کونسی سیاست ہے، ایمبولینسز، سکول، ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، مویشی منڈی کو پہلے لوٹا گیا پھر آگ لگائی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پورے پنجاب میں ٹوٹل 15 سے 18 ہزار لوگوں نے مظاہرے کیے، خیبرپختونخوا میں ٹوٹل 19 سے 22 ہزار لوگ تھے،حقائق ذمہ داری سے پیش کر رہا ہوں، اگر کوئی چیلنج کرنا چاہے تو چیلنج قبول کرنے کو تیار ہوں، 9 مئی کو آئی سی ٹی میں 12 جگہوں پر مظاہرے ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ کوئی عوامی ردعمل نہیں تھا فسادی تھے، یہ ان کو ایک سال سے ٹریننگ دے رہا تھا، ان کو پٹرول بم بنانے کے طریقے بتائے جا رہے تھے،11 مئی کو آئی سی ٹی میں 4 جگہوں پر مظاہرے ہوئے، 11 مئی کو خیبرپختونخوا میں 39 مقامات پر مظاہرے ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ قوم کے لیے بڑے دکھ کی بات ہے، اس آدمی نے 60 ارب لوٹے، قومی خزانے کو 60 ارب کا ٹیکا لگایا گیا، 458 کنال کی القادر ٹرسٹ کے نام پر رجسٹری کرائی گئی۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم کی کور کمانڈر ہاؤس لاہور آمد، عسکری قیادت سے اظہارِ یکجہتی
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہر جگہ پر مخصوص غلیلوں کو استعمال کیا گیا، یہ کہتا تھا پوری قوم اس کے ساتھ ہے، دکانوں، مویشی منڈیوں، کئی جگہوں پر بینکوں کو لوٹنے کی کوشش کی گئی، جناح ہاؤس لاہور میں سوئی تک لے گئے۔