کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل 13ویں روز کاروبار کا اختتام مثبت انداز میں ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 148 پوائنٹس کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 12 روز کے دوران بھی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام مثبت رجحان کے ساتھ ہوا۔ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 5.87 جبکہ بدھ کے روز 160 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں 5.87پوائنٹس کا اضافہ
آج بھی مجموعی طور پر کاروبار کا رجحان مثبت رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 0 اعشاریہ 35 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مارکیٹ 42 ہزار 241 اعشاریہ 98 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
کاروباری روز کے آغاز میں سرمایہ کاروں نے کسی قدر منفی رجحان کا مظاہرہ بھی کیا اور ابتدائی ایک گھنٹے میں منفی رجحان کے بعد مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب آگیا۔
خاص طور پر بینکنگ اور آئل کے شعبہ جات میں حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ سیمنٹ، آٹو موبائل، کیمیکل اور فرٹیلائزر کا اختتام منفی رجحانات پر ہوا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم 178 اعشاریہ 2 ملین پر آگیا جو جمعرات کے روز 255 اعشاریہ 3 ملین پر تھا۔ مجموعی طور پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا رجحان مثبت رہا۔