لندن: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس نے نواز شریف کو بے بنیاد اور جھوٹے الزامات پر وزارتِ عظمیٰ سے نااہل کیا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ثاقب نثار نے نواز شریف کی نااہلی میں کلیدی کردار ادا کیا اور دن رات سوموٹو کا اختیار استعمال بھی کیا۔
میٹرک بورڈ انتظامیہ کی نا اہلی، طلبہ امتحانات سے قبل مشکلات کا شکار
میڈیا گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پارلیمان کے استحقاق اور آئینی اختیار کا ہر صورت تحفظ یقینی بنائے گی۔ اپنے دائرے میں رہ کر اپنا حق منوائیں گے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ثاقب نثار نے عوامی مفاد کے کسی کیس پر سوموٹو ایکشن نہیں لیا۔ ان کا مقصد نواز شریف کو ہرانا اور عمران خان کو کامیاب کرنا تھا۔ وہ پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنٹ کے طور پر کام کررہے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آڈیو لیکس سے یہ تمام کردار بے نقاب ہو گئے۔ ان کے بیٹے کی آڈیو لیک سے عمران خان کی واپسی کا سازش ہونا ثابت ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ نے یہ معاملہ اٹھایا ہے اور ثاقب نثار کے بیٹے کو طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشن ہونے چاہئیں اور ہوں گے۔ پنجاب سے متعلق ماضی میں قائم کیا گیا غلط تاثر زائل ہوگیا ہے۔ پنجاب بڑا بھائی نہیں بلکہ چاروں صوبے برابر ہیں۔ صرف پنجاب میں الیکشن پاکستان کے خلاف سازش ہے۔