پاکستان کی ابھرتی ہوئی نو عمر گلوکارہ نوریمہ ریحان کو برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کے موقع پر لندن میں ہونے والے کنسرٹ میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے جو 6، 7 اور 8 مئی کو منعقد ہوگا۔
تاجپوشی کے جشن میں برطانیہ کے شاہی خاندان اور برطانیہ اور برطانیہ سے باہر سے شاہی خاندان کے دوست احباب اور دنیا بھر سے منتخب مہمان شرکت کریں گے۔
برطانوی شاہی خاندان کی اس اہم تقریب میں پاکستان کی وادی ہنزہ (گلگت) کے غلکن گوجال سے تعلق رکھنے والی نوریمہ ریحان کو فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے منتخب کو بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ نوریمہ ریحان شاہ برطانیہ کے جشن تاجپوشی میں روایتی ‘وخی جی بی’ ثقافت سے متاثر لباس کے ساتھ شرکت کریں گی۔
نوریمہ ریحان نے برطانوی بادشاہ کے جشن تاجپوشی میں شرکت کی دعوت کی اطلاع اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر کچھ پوسٹس کے ذریعے دی۔ ایک پوسٹر میں نوریما کی تصویر کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں منعقد ہونے والی تاجپوشی کی تقریب سے متعلق معلومات بھی درج کی گئی ہیں۔
اپنی تازہ ترین پوسٹ کے کیپشن میں نوریما نے کہا ہے کہ ’’میں کتنی خوش قسمت ہوں کہ میں برطانیہ کے بادشاہ اور ملکہ کے تاجپوشی کے کنسرٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہی ہوں۔‘‘