کراچی:قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے مڈل آرڈر کا مسئلہ بہت پرانا ہے،ورلڈ کپ سے پہلے زیادہ میچز نہیں اس لیے تجربات سے گریز کرنا ہوگا۔
ایک انٹرویو کے دوران امام الحق نے کہا کہ ٹیم میں کچھ خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں سنچری نہ ہونے کا دکھ ہے لیکن ٹیم کی جیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی پرسنل رینکنگ پر بہت بات ہوتی ہے،کھلاڑی کی پرسنل رینکنگ سے فائدہ ٹیم کو ہی ہوتا ہے۔میرے نزدیک پرسنل رینکنگ سے زیادہ ٹیم کی رینکنگ کی اہمیت ہے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ سیریز میں کلین سوئپ کا ارادہ ہے، پہلی ترجیح سیریز جیتنا تھا، سیریز جیتنے کی نارمل فیلنگ ہے۔
مزید پڑھیں:پاک نیوزی لینڈ میچز، کراچی میں تماشائی اسٹیڈیم کا رُخ کیوں نہیں کررہے؟
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی فیلڈنگ بھی بہتر بنانا ہوگی، 15 سے 35 اوور کے درمیان وکٹیں کم لی جارہی ہیں، مڈل اوورز میں وکٹیں نہ لیں تو مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔