پارا چنار: پارا چنار میں اسکول پر فائرنگ کے نتیجے میں 7اساتذہ سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے۔ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم میں شلوزان روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے چلتی گاڑی پر فائرنگ سے محمد شریف نامی شخص جاں بحق ہوگیا واقعے کے بعد تری منگل ہائی سکول میں مسلح افراد نے گھس کر سات اسکول ٹیچرز کو قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میر حسین، جواد حسین، نوید حسین، جواد علی، محمد علی اور علی حسین بھی شامل ہیں طوری بنگش قبائل سے تعلق رکھنے والے اساتذہ تری منگل ہائی سکول میں امتحانی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ان واقعات کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
واقعے کے بعد ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے سیکورٹی خدشات کے باعث بند کردئیے گئے جبکہ کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات نامعلوم مدت کیلئے ملتوی کردئیے گئے۔