اسلام آباد: سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت عمران خان کو گرفتار کرکے ملک بھر میں انارکی پھیلانا چاہتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رہنما قاسم خان سوری نے کہا کہ بڑے صاحب کی سخت ہدایات ہیں کہ عمران خان کو ہر حال میں گرفتار کرنا ہے چاہے ملک کے حالات ہی کیوں نہ خراب ہو جائیں۔
عمران خان کو آج ہی پیشی کا حکم، ڈاکٹرز نے سفر سے روک دیا
ٹوئٹر پیغام میں قاسم خان سوری نے کہا کہ اسی پلان کے تحت عمران خان کے زخمی ہونے کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضمانت منسوخ کرنے کی دھمکی دی۔
پیغام میں سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ حمزہ شہباز اور شہباز شریف کو کرپشن کیسز میں عدالت میں حاضر ہونے سے تاحیات استثنیٰ فراہم کر دیا گیا، لندن پلان کے تحت اسلام آباد میں پھر سے دفعہ 144 اور تمام سینیئر افسران کو کل صبح 8 بجے عدالت میں حاضر رہنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اسلام آباد میں سادہ لباس والے کل اچھی خاصی تعداد میں موجود ہوں گے، اسلام آباد پولیس کو اہم ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ اہم شخصیت خود مانیٹرنگ کرے گی، صحافیوں کےلیے خاص ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما قاسم خان سوری نے کہا کہ گردونواح میں انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات پر آج پشاور ہائیکورٹ میں اہم سماعت بھی ہو گی اور جسٹس ابراہیم خان، جسٹس عبدالشکور کیس سنیں گے۔
قاسم خان سوری نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت اپنے سہولت کاروں کی مدد سے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کر کے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتی ہے تاکہ انتخابات منسوخ کروائے جا سکیں اور ملک مزید مشکلات میں مبتلا ہو۔
بڑے صاحب کی سخت ہدایات ہیں کہ عمران خان کو ہر حال میں گرفتار کرنا ہے چاہے ملک کے حالات ہی کیوں نہ خراب ہو جائیں، اسی پلان کے تحت عمران خان کے زخمی ہونے کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضمانت منسوخ کرنے کی دھمکی دی جبکہ دوسری طرف…
— Qasim Khan Suri (@QasimKhanSuri) May 3, 2023
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عوام سے عرض کرتا ہوں کہ اپنے چیئرمین کی ہمیشہ کیطرح آج سب سے زیادہ حفاظت کرنی ہے، ہم سب کا عزم ہے کہ جان دے دیں گے لیکن خان نہیں دیں گے کیونکہ عمران خان ہی اس ملک کی انشورنس پالیسی ہے۔