اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کی افواہوں کو مسترد کردیا۔
وفاقی وزیر نے اتحادی جماعتوں کے درمیان اس طرح کے اقدام کے بارے میں کسی قسم کی مشاورت کو مسترد کردیا۔ ان کا یہ بیان الیکٹرانک میڈیا کے ایک حصے کی جانب سے شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا حیران کن فیصلہ کرنے کے بارے میں خبر نشر کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ نہیں کیا،ایسی مشاورت ہوئی نہ اس کی ضرورت ہے۔ عوام، پارٹی،اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار شہباز شریف 11 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی کے قائد ایوان کا ووٹ لے چکے ہیں۔ من گھڑت افواہ حقیقت نہیں۔ میڈیا بغیر تصدیق وزیراعظم سے متعلق خبریں نہ چلائے
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 24, 2023
میڈیا نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف جمعرات 27 اپریل کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
تاہم دوسرے روز ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ ایسے اقدام کی ضرورت نہیں کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف 11 اپریل 2022 کو قائد ایوان کے لیے ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام، اتحادی جماعتوں اور پاکستان مسلم لیگ ن نے متفقہ طور پر شہباز شریف کو ملک کا وزیراعظم منتخب کیا ہے۔
مزید پڑھیں:مردم شماری پر تحفظات، ایم کیو ایم نے حکومت سے الگ ہونے پر غور شروع کر دیا
انہوں نے مزید کہا کہ من گھڑت خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ بغیر تصدیق کے وزیراعظم کے بارے میں کوئی خبر شائع کرنے سے گریز کریں۔