لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم 2 ڈی مائنس 2 ڈی ڈگریز کے ساتھ ہاتھ ملاکر کاربن اخراج کو کم کرنے کیلئے ماحولیاتی آگاہی مہم شروع کردی۔
پی سی بی ایسے طریقوں کو فروغ دے گا جو کرکٹ ایونٹس کے دوران ری سائیکلنگ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جس کا مقصد خالص صفر کاربن اخراج کو حاصل کرنا ہے۔
اس مقصد کیلئے پی سی بی اور ایم ٹو ڈی لاہور کی مشہور کینال روڈ پر ایک ہزار درخت لگائیں گے۔
اگلے دو سالوں کے دوران، پی سی بی کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے بارے میں M2D کی تحقیق سے فائدہ اٹھائے گا اور ماحول کی بہتری کے لیے تجویز کردہ طریقوں کو اپنائے گا جس سے کھیل اور پاکستانی کرکٹ کے شائقین کو بڑے پیمانے پر مدد ملے گی۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرپرسن جناب نجم سیٹھی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ہمارے وجود کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے اور یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ ملک میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والا کھیل ہے اور ہم نے مائنس 2 ڈی ڈگریز کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں تاکہ اس کھیل کی رسائی کو اس مقصد کیلئے استعمال کیا جاسکے جس سے آنے والی نسلوں کو کوئی فائدہ ہو۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پی سی بی ہمیشہ سے ماحول دوست مہمات کا حامی رہا ہے ، ہم اس مقصد کو مکمل سپورٹ کرینگے ۔